بنگلورو،2؍فروری (ایس او نیوز) سابق وزیراعلیٰ وجے ڈی ایس کے ریاستی صدر ایچ ڈی کمار سوامی نے آج پیش گوئی کہ ہے کہ ریاستی حکومت کی ان دنوں سرگرمیوں پرنظر ڈالی جائے تو لگتا ہے کہ اس سال اسمبلی کے لئے انتخابات ہوں گے۔ریاستی کانگریس حکومت کی مختلف سرگرمیوں پر نظر ڈالنے سے پتہ چلتا ہے کہ ریاستی اسمبلی کے لئے قبل از وقت چند ہی مہینوں میں انتخابات ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی پیش گوئی کی کہ گجرات اسمبلی انتخابات کے وقت کرناٹک اسمبلی کے لئے بھی انتخابات ہوسکتے ہیں۔ بگ باس کنڑا پروگرام میں پہلا مقام حاصل کرنے والے تمنا کے آج ان سے ملاقات کرنے پر انہیں مبارکبادی دینے کے بعد اخبار نویسوں سے بات کرتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ وزیر اعلیٰ سدارامیا کی قیادت والی ریاستی حکومت کے اپنی پوری میعاد مکمل کرنے کے آثار دکھائی نہیں دیتے۔ ریاستی اسمبلی کے لئے 2018 ء کی بجائے رواں سال ہی میں انتخابات ہونے کا امکان ہے۔
بی جے پی کا دعویٰ: کمار سوامی نے کہاکہ بی جے پی کے لیڈران ریاست بھر میں ابھی سے یہ دعویٰ کررہے ہیں کہ اگلے اسمبلی چناؤ میں ان کی پارٹی 150؍حلقوں میں کامیاب ہوگی۔ کانگریس کے سینئر لیڈر سابق وزیراعلیٰ ایس ایم کرشنا کانگریس سے مستعفی ہوچکے ہیں۔ بی جے پی لیڈروں کو یہ امید ہے کہ مسٹر کرشنا بی جے پی میں شامل ہوجائیں گے۔ اس بنیاد پر وہ 150؍سیٹوں پر کامیابی حاصل کرنے کا دعویٰ کررہے ہیں۔ ابھی یہ طے نہیں کہ مسٹر کرشنا کونسی پارٹی میں شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کے سینئر لیڈر ایل کے اڈوانی کو پارٹی نے کنارہ کردیا ہے اگر مسٹر ایس ایم کرشنا بی جے پی میں شامل ہو بھی گئے تو اس کی کیا ضمانت ہے کہ مسٹرکرشنا کو سرگرم سیاست میں رکھا جائے گا؟۔ فلم اداکار و سابق ریاستی وزیر امبریش جے ڈی ایس میں شامل ہونے سے متعلق ان سے کئے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ اس سلسلہ میں ان سے ابھی تک کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگلے اسمبلی انتخابات سے پہلے وہ ریاست بھر میں پارٹی کو مضبوط کرنے کام کریں گے۔
چارٹیبل کام: بگ باس کنڑا میں پہلا مقام حاصل کرنے والے فنکار کو مبارکباد دینے کے بعد کمار سوامی نے بتایا کہ انہیں انعام میں حاصل ہونے والی رقم وہ چارٹیبل سرگرمیوں میں لگانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ بگ باس میں اول مقام حاصل کرنے والے شخص نے میڈیا کو بتایا کہ اس ریالٹی شو کے آغاز ہی میں کمار سوامی نے انہیں فون پرمبارکباد دی تھی آج ان کا شکریہ ادا کرنے کے لئے وہ یہاں آئے ہوئے ہیں۔ فنکار نے اس موقع پر بتایا کہ سیاست میں آنے کا ان کا ارادہ نہیں ہے۔ البتہ میں فلم انڈسٹری میں جاؤں گا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ خود ایک ٹرسٹ قائم کرکے انہیں ملنے والی انعام کی رقم اس ٹرسٹ میں لگائیں گے۔